
14 جنوری 2026 ۔ چین کے جنوب مشرقی صوبے فوجیان کے شہر شیامن کے کنٹینر ٹرمینل میں ، مال برادر جہازوں پر کنٹینرز لادنے اور اتارنے کا کام جاری ہے۔ (تصویر: شنہوا)
16 مارچ کو چین کی جنرل ایڈمنسٹریشن آف کسٹمز (جی اے سی) کے سربراہ سن مئے جن نے ایک تعیناتی اجلاس میں اعلان کیا کہ 2026 میں سرحد پار تجارتی سہولیات کی مہم میں چین، اپنے پائلٹ شہروں کی تعداد 25 سے بڑھا کر 45 کرے گا۔ اس فہرست میں 20 نئے شہروں کو شامل کیا گیا ہے، جن میں حو حہ حاو تھہ، چھانگ چھون ، سوجو، جنہوا ، چھوان جو ، نان چھانگ، یان تھائی ، ووہان، چھانگ شا، جوہائی، نا ن ننگ، کھون منگ اور شی آن شامل ہیں۔
چھ ماہ کی یہ مہم جی اے سی اور 23 دیگر محکموں کے تعاون سے شروع کی گئی تھی۔ اس مہم میں ،مال کی تجارت کو اپ گریڈ کرنے، خدمات کی تجارت کو بڑھانے نیز ڈیجیٹل اور سبز تجارت کو فروغ دینے پر مرکوز نئے اقدامات کا ایک سلسلہ متعارف کروایا جائے گا۔ان اقدامات میں کسٹمز کلیئرنس کی نگرانی میں جدت، غیر ملکی تجارت کی نئی اقسام کے لیے بہتر خدمات، سرحد پار لاجسٹکس کی کارکردگی میں بہتری، "سمارٹ پورٹس" کی تعمیر، بین الاقوامی معیار کے ساتھ بہتر ہم آہنگی اور کاروباری اداروں کے لیے بہتر معاونت شامل ہیں۔
جنرل ایڈمنسٹریشن آف کسٹمز کے اہلکار کا کہنا ہے کہ سرحد پار تجارت کو آسان بنانا کھلے پن کی توسیع، تعاون کو مضبوط کرنے اور ملکی و بین الاقوامی اقتصادی بہاؤ کو ہموار کرنے کے لیے ضروری ہے۔ یہ کاروباری اداروں کو آرڈرز حاصل کرنے، مارکیٹس تلاش کرنے اور غیر یقینی عالمی صورت حال میں منافع بڑھانے میں بھی مدد دیتا ہے اور عالمی تجارتی تنظیم کے تجارتی سہولت کے معاہدے اور کثیر الجہت تجارتی نظام کے لیے چین کی حمایت کو بھی ظاہر کرتا ہے۔
جنرل ایڈمنسٹریشن آف کسٹمز نے سرحد پار تجارت کو بڑھانے کے لیے، 2018 سے سالانہ مہمات کے انعقاد کا آغاز کیا تھا ، 2025 تک کل 144 اقدامات نافذ کیے گئے، جن میں سے 110 اقدامات کو قومی سطح پر اپنایا گیا۔



