• صفحہ اول>>چینی معاشرت

    چین کے "نوجوان دوست" شہروں کی تعمیر کے اقدامات  کا اعلان

    (پیپلز ڈیلی آن لائن)2026-04-24

    24 اپریل 2026 (پیپلز ڈیلی آن لائن)چین نے نوجوانوں کے لیے مواقع سے بھرپور اور بہتر زندگی کے حامل دوستانہ شہروں کی تعمیر کے اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے ایک نیا پالیسی پیکیج جاری کیا ہے جس کا ہدف "نوجوان دوست" شہروں کا قیام ہے۔ یہ پیکیج ،"لوگوں کو مرکزیت" دیتے ہوئے جدید شہر بنانے اور معاشرے کی توانائی کو بڑھانے کی وسیع تر کوششوں کا حصہ ہے ۔

    چائنا کمیونسٹ یوتھ لیگ کی جانب سے 23 اپریل کو بتایا گیا کہ 15 محکموں کی جانب سے جاری کردہ اس دستاویز کی تشکیل میں چائنا کمیونسٹ یوتھ لیگ (CYLC)، سائبر سپیس ایڈمنسٹریشن آف چائنا، قومی کمیشن برائے ترقی و اصلاحات اور وزارت تعلیم شامل ہیں اور نوجوانوں کے لیے شہری ماحول کو بہتر بنانے کے لیے 18 اقدامات کی تفصیلات پیش کی گئی ہے۔

    دستاویز کے مطابق ، ان اقدامات کے تحت شہروں کو ایسے مراکز میں تبدیل کرنے کی کوشش کی جائے گی جہاں نوجوان اعلیٰ ترقیاتی معیار حاصل کر سکیں، بہتر معیارِ زندگی سے لطف اندوز ہو سکیں اور انتظام و انصرام میں فعال طور پر حصہ لے سکیں۔ہدایات میں کہا گیا ہے کہ نوجوانوں کی ترقی کو شہری منصوبہ بندی، تعمیر اور گورننس کے تمام پہلوؤں میں شامل کیا جائے۔ حکام کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ نوجوانوں کے شہر وں میں منتقل ہونے، یہاں آباد ہونے اور کامیاب کیریئر بنانے کے لیے حالات کو منظم طور پر بہتر بنائیں۔

    پالیسی پیکج میں اس بات پر بھی زور دیا گیا ہے کہ چاہے پیداوار ہو، روزمرہ زندگی ہو یا ماحولیاتی منصوبہ بندی "اربن پالیسیز " کو نوجوانوں کی ضروریات کے ساتھ ہم آہنگ کیا جائے اور انہیں اصلاحات، ترقی اور سماجی استحکام میں اہم کردار ادا کرنے کے قابل بنایا جائے۔نوجوانوں کے لیے امکانات کو بڑھانے کی خاطر چین، ٹیکنالوجی اور صنعتی جدت کے درمیان ہم آہنگی کو مضبوط کرے گا، روایتی صنعتوں کی ترقی کو فروغ دے گا، ابھرتے ہوئے شعبوں کی نشو نما کرے گا اور مستقبل کی صنعتوں کو تیار کرے گا۔ اس کے علاوہ نوجوان کاروباری ایسوسی ایشنز اور نجی شعبے کے پیشہ ور افراد کے لیے تربیتی پروگرامز کے ذریعے ،نوجوان انٹریپرینیورز کی معاونت کو مزید مضبوط کیا جائے گاتاکہ نجی معیشت میں نوجوان نسل کی بھرپور ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔

    دستاویز میں اس بات پر بھی زور دیا گیا ہے کہ نوجوان ٹیلنٹ کی شناخت، تربیت اور صلاحیتوں کے استعمال کا طریقہ کار بہتر بنایا جائے اور انہیں بڑے سائنسی وتکنیکی منصوبوں میں قائدانہ کردار ادا کرنے کی ترغیب دی جائے۔ ہاؤسنگ اور آمد و رفت کے دباؤ کو کم کرنے کے لیے شہری حکام کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں نوجوانوں کی ملازمت کے مواقع زیادہ ہوں، جو تعلیمی اور طبی اداروں اور پبلک ٹرانزٹ لائنز کے قریب ہوں وہاں ہاسٹل طرز کے اور چھوٹے اپارٹمنٹس تعمیر کریں ۔ دستاویز میں نوجوانوں کے لیے عوامی خدمات کو بڑھانے کی بھی درخواست کی گئی ہے، جس میں بچوں کی دیکھ بھال کی سبسڈیز اور رہائش ، نقل و حمل نیز اخراجات میں معاونت کی پالیسیز کو شامل کیا گیا ہے تاکہ بچوں کی پیدائش کی حوصلہ افزائی کی جا سکے۔اس کے علاوہ عوامی مقامات پر ماں اور بچے کی سہولیات کی دستیابی کو بڑھانے اور ماں اور بچے کے لیے سازگار ماحول کے حامل ہسپتالوں کی ترقی کو فروغ دینے کی کوششیں کی جائیں گی، تاکہ خواتین اور بچوں کے لیے صحت کی خدمات کو بہتر بنایا جا سکے۔

    دستاویز کے مطابق، 2030 تک نوجوانوں کی ترقی پر مرکوز شہروں کا تصور وسیع پیمانے پر قائم ہو جائے گا اور 2035 تک چین کا ہدف نوجوانوں کی ترقی کے لیے "نسبتا پختہ اور مکمل نظام" تشکیل دینا ہے۔

    ویڈیوز

    زبان