• صفحہ اول>>چین پاکستان

    پاکستان میں دریائے کابل کے پانیوں میں  شاندار ڈریگن بوٹ ریس (2)

    (پیپلز ڈیلی آن لائن)2026-06-17

    17 جون2026(پیپلز ڈیلی آن لائن) 12جون کو ، پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کی سرگرمی کے تحت ، خیبر پختونخوا میں چینی ثقافتی مرکز ، چائنا ونڈ و نے خیبر پختونخوا کی کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کے تعاون سے چارسدہ کے علاقے سرداریاب میں دریائے کابل کے پانیوں میں پاکستان کے پہلے ڈریگن بوٹ فیسٹیول کا انعقاد کیا ۔

    وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون، ملک عدیل اقبال نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اور مضبوط دوستی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ تقریب صوبے کی مثبت تصویر پیش کرتی ہے اور مستقبل میں سیاحوں کو متوجہ کرے گی۔ مقامی تاجر مسعود خان نے کہا کہ میلے نے دریا ئے کابل کو ثقافتی اظہار کا ایک ایسا میدان بنا دیا، جو دیکھنے والوں کو چینی ثقافت و روایات سے مسحور کر رہا تھا۔ یہ جشن دونوں قوموں کے تعلقات کی عکاسی کرتا ہے اور ثقافتی سفارت کاری کی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔

    ایونٹ منتظمین کے مطابق، 100 سے زائد کشتی رانوں نے ان مقابلوں میں حصہ لیا ۔اس ایونٹ کی نمایاں خصوصیت خواتین کشتی رانوں کی بھرپور شرکت رہی ۔مقابلے میں کے پی کے پولیس ٹیم اور چارسدہ ٹیم چیمپئن شپ کی مشترکہ فاتح ٹیمز رہیں جب کہ سپورٹس رائٹرز ایسوسی ایشن کی ٹیم نے دوسری اور پشاور ہائی کورٹ کی ٹیم نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

    سرکاری اہلکاروں، کھلاڑیوں،لوک فنکاروں اور چینی کمیونٹی سمیت مقامی شہریوں کی ایک بڑی تعداد نے اس تاریخی ایونٹ کا لطف اٹھایا ۔ حاضرین کا کہنا تھا کہ چینی طرز کے ڈھول کی تھاپ اور چپووں کی ہم آہنگی نے ایک غیر معمولی اور پرجوش ماحول تخلیق کیا جو یقیناً چینی ثقافت کے حوالے سے ایک شاندار تجربہ تھا۔

    چائنا ونڈو کے ایڈمنسٹریٹر، امجد عزیز ملک نے کہا کہ ڈریگن بوٹ فیسٹیول نے ایک قدیم چینی ثقافتی روایت کو پاکستان میں متعارف کروایا ہے اور دونوں ممالک کے لوگوں کے درمیان قربت بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے پاک چین دوستی کو مضبوط کرنے اور ثقافتی تعامل بڑھانے کے لیے مزید ایسے فیسٹیول منعقد کرنے کا ارادہ بھی ظاہر کیا۔

    دریائے کابل کے دلکش کنارے سر داریاب میں منعقد ہونے والی یہ ریس ،پاکستان میں پہلی بڑی ڈریگن بوٹ ریس ہے۔

    ویڈیوز

    زبان