
26 جون2026(پیپلز ڈیلی آن لائن)25 جون کو، جنوب مغربی چین کے خود اختیار علاقے شی زانگ میں، بجلی سے چلنے والی پہلی ریلوے، لہاسا-ننگچی ریلوے، کی پانچویں سالگرہ منائی گئی ۔ چائنا سٹیٹ ریلوے گروپ کے مطابق، اپنے آغاز کے بعد سے اس ریلوے کے ذریعے ، 6.25 ملین مسافروں اور دو ملین ٹن سے زائد مال کی نقل و حمل کی گئی ہے۔435.48 کلومیٹر طویل یہ ریلوے ، لہاسا کو ننگچی سے منسلک کرتی ہے، جس کی رفتار 160 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔ اس لائن کا 90 فی صد حصہ 3,000 میٹر کی بلندی پر واقع ہے۔ یہ ریلوے 16 مرتبہ دریائےیارلونگ ٹسانگ پو کو عبور کرتی ہے، جہاں پلوں اور سرنگوں کا حصہ اس کی مجموعی لمبائی کا 75 فیصد ہے۔ 25 جون 2021 میں جب اس ریلوے کا افتتاح ہوا تو اس علاقے میں ریلوے کی رسائی نہ ہونے کی تاریخ کا خاتمہ ہوا اور فوشنگ بلٹ ٹرینز کے چھنگ ہائی -شی زانگ پلیٹو پر فراٹے بھرنے کی ایک نئی تاریخ کا آغاز ہوا۔
ریلوے حکام نے مسافروں کے بہاؤ کے اعداد و شمار کی بنیاد پر نقل و حمل کی گنجائش کو بڑھایا اور ٹرینز کے شیڈول کو بہتر بنایا ۔گزشتہ پانچ سالوں میں، 8,000 سے زیادہ مسافر ٹرینز فراہم کی گئیں، مسافروں کی تعداد ابتدائی دور کے 59,000 ماہانہ سے بڑھ کر 153,800 ماہانہ تک پہنچ گئی۔ یہ ریلوے لائن اب لہاسا-شی گاتسہ ریلوے سے منسلک ہو چکی ہے جس سے ، فوشنگ ٹرینز کو شی گاتسہ تک پہنچنے کی سہولت ملتی ہے۔مال کی نقل و حمل کے حجم میں بھی مسلسل اضافہ ہوا ہے۔ ٹرین کے مال برداری کا وزن 2021 میں 902 ٹن تھا جو 2026 میں 1,415 ٹن تک پہنچ گیا۔2026 میں کارگو کا یومیہ حجم 2021 کے مقابلے میں 35.7 ٹن زیادہ رہا۔
اس ریلوے نے لہاسا، ننگچی، شاننان اور علاقے کے دیگر شہروں کو باہم منسلک کرتے ہوئے "3 گھنٹے کا اقتصادی دائرہ" تشکیل دیا ہے۔ گزشتہ پانچ سالوں کے دوران ننگچی اور شاننان نے جی ڈی پی کی سالانہ اوسط ترقی کو بالترتیب 8 فیصد اور 5.8 فیصد پر برقرار رکھا، جو کہ قومی اوسط سے زیادہ ہے۔ 100 سے زیادہ سیاحتی ٹرینز کا اہتمام کیا گیا، جس سے یارلونگ ٹسانگ پو گرینڈ کینین ، یامجو یومکو اور کوہِ نامجاگباروا جیسے قدرتی مقامات پر سیاحت کو فروغ ملا۔ ننگچی کی سالانہ سیاحتی آمدورفت 2021 میں 10.06 ملین تھی جو 2025 میں بڑھ کر 17.35 ملین ہو گئی۔
اس ریلوے نے پانچ سالوں میں ایک بھی حادثہ نہ ہونے کا حفاظتی ریکارڈ برقرار رکھا ہے۔ یہاں ایک مربوط حفاظتی کنٹرول سینٹر قائم کیا گیا ہے، جس میں کئی نظام شامل ہیں جیسے ہوا کا پیشگی انتباہ، برف پگھلانے کا انٹیلی جنٹ نظام اور آگ سے بچاو کا سمارٹ نظام۔ جدید آلات جیسے معائنے کے لیے انٹیلی جنٹ روبوٹس، ریل میں کسی بھی نقص کا پتہ لگانے والے الٹراسونک آلات اور بحالی کی درستگی میں اضافہ کرنے کے لیے سیلاب کی روک تھام کے ڈرونز کو استعمال کیا جا رہا ہے۔



