مقامی وقت کے مطابق 7 جولائی کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکہ کے دورے پر آئے ہوئے اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کے اعزاز میں وائٹ ہاوس میں دیئے گئے عشائیے میں اس بات کا ذکر کیا کہ امریکہ یوکرین کو مزید ہتھیار بھیجے گا۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ یوکرین کو اپنا دفاع کرنے کی ضرورت ہے۔ ہمیں یوکرین کو مزید ہتھیار فراہم کرنے ہوں گے، بالخصوص دفاعی ہتھیار۔ ٹرمپ نے 3 تاریخ کو کہا تھا کہ امریکہ یوکرین کی مدد کرے گا، لیکن سب سے پہلے اس بات کو یقینی بنانا ضروری ہے کہ خود امریکہ کے پاس مطلوبہ تعداد میں ہتھیار موجود ہیں۔
اسی موقع پر ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ امریکہ نے ایران سے متعلق مذاکرات کا انتظام کیا ہے اور مذاکرات کی مخصوص تاریخ اور وقت کا اعلان 8 تاریخ کو کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کو امید ہے کہ ایران پر عائد پابندیاں مناسب موقع پر اٹھائی جائیں گی اور ایران اور اسرائیل کے درمیان تنازع اب ختم ہو چکا ہے۔ مشرق وسطیٰ کے لیے امریکہ کے خصوصی ایلچی اسٹیون وٹکوف نے کہا کہ ایران کے ساتھ اجلاس اگلے ہفتے منعقد ہونے کی توقع ہے۔ اس حوالے سے ایران کی جانب سےتاحال کوئی سرکاری ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔