17 جولائی2025 (پیپلز ڈیلی آن لائن)چینی ماہرین ارضیات کی ایک ٹیم نے مریخ کی مٹی کا ایک نمونہ تیار کیا ہے جو تقریباً یوٹوپیا پلانٹیا کی مٹی کی نقل ہے، یہ ایک سائنسی پیشرفت ،مستقبل کی تحقیقات بشمول چین کے مریخ سے نمونہ واپس لانے کے مشن کے لیے اہم ثابت ہو سکتی ہے۔
یہ نمونہ، جس کا کوڈ UPRS-1 ہے، مریخی مٹی کی جسمانی، کیمیائی، طبعی اور میکانیکی خصوصیات کی قریب ترین نقل ہے، جو چین کے جو تیان ون-1 مشن میں شامل ،مارس خلائی گاڑی " جو رونگ" کے ذریعہ حاصل کردہ ان-سائٹ ڈیٹا کی بنیاد پر ہے، اور اس روور اور ناسا کے وائکنگ-2 لینڈر، دونوں نے یوٹوپیا پلانٹیا کے علاقے میں لینڈ کیا تھا۔یوٹوپیا پلانٹیا، ایک غیر معمولی بڑے اثر والے طاس کے ساتھ تقریباً 3,300 کلومیٹر کے قطر پر محیط علاقہ ہے جو مریخ پر پانی کے ممکنہ ثبوت کے حوالے سے ایک اہم علاقہ ہے۔ چین کی خلائی گاڑی ، جورونگ " 2021 میں یہیں پر اتری تھی۔
چینی اکیڈمی آف سائنسز کے تحت انسٹی ٹیوٹ آف جیولوجی اینڈ جیوفزکس سے ایک بین الشعبہ جاتی تحقیقاتی ٹیم، جس میں لی شاؤڈنگ، لی جوان اور لن ہونگ لی شامل ہیں، نے جورونگ کے آلات کے سیٹ سے ڈیٹا کا تجزیہ کیا تو ہائیڈریٹڈ معدنیات جیسے جپسم اور مٹی کا سراغ ملا، جو اس بات کا اشارہ ہیں کہ یہاں ماضی میں مائع حالت میں پانی کا وجود تھا اور یہی بات مریخ کے اس علاقے کو خاص طور پر مطالعہ کے لیےبے حد اہم بناتی ہے۔ اس علاقے میں منفرد مٹی کی ترکیب کو دوبارہ تخلیق کرنے کے لیے، ٹیم نے جیولوجیکل مہارت کو پلینٹری سائنس کے ساتھ ملا کرایک جدید طریقہ اپنایا ۔انہوں نے مشرقی چین کے صوبے شاندونگ سے کچلے ہوئے بیسالٹ کو بنیادی مواد کے طور پر لیا، اور پھر مطالعے کے مطابق مخصوص معدنیات کے ایک خاص فارمولے کو درست تناسب و ترتیب کے ساتھ ملایا گیا۔
اس مرحلے کے بعد، مرکب کا تجزیہ کیا گیا اور اس میں تبدیلیاں کی گئیں تاکہ مریخ پر یوٹوپیا پلانٹیا میں موجود مٹی کی طبعی، میکانیکی اور کیمیائی خصوصیات کی نقل کی جا سکے۔ یہ نمونہ کئی خصوصیات میں اصل ریگولیتھ کے مقابلے میں 86.1 فیصد کی مجموعی مماثلت رکھتا ہے۔
UPRS-1 کو خلا کی تلاش میں ایک طویل مدتی چیلنج کا سامنا کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے جو 2020 میں ناسا کے ان سائیٹ مشن کے دوران مٹی کی کھدائی میں درپیش مشکلات کے بعد سامنے آیا۔یہ نمونہ ان-سائٹ وسائل کے استعمال کے لیے تحقیق کے نئے راستے کھولتا ہے، سائنسدانوں کو مریخ کی مٹی سے پانی نکالنے کے لیے ٹیکنالوجیز تیار کرنے اور جانچنے کا موقع دیتا ہے ۔ یہ ایک صلاحیت ہے جو مستقبل میں مریخ پر انسانی چوکیوں کو برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہے۔