مقامی وقت کے مطابق 20 جولائی کو غزہ پٹی کے محکمہ صحت عامہ سے ملی اطلاع کے مطابق اسی روز علی الصبح سے شام تک غزہ کی پٹی میں اسرائیلی حملوں میں 132 فلسطینی جاں بحق ہوئے ، جن میں مجموعی طور پر 94 افراد متعدد امدادی سامان کی تقسیم کے مراکز اور اس کے قریبی علاقوں میں حملے میں جاں بحق ہوئے۔ خاص طور پر غزہ شہر کے شمال مغرب میں امدادی سامان کی تقسیم کے مرکز کے قریب اسرائیلی فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں 81 فلسطینی جاں بحق ہوئے۔
غزہ پٹی کے محکمہ صحت عامہ کے مطابق، جب سے امریکہ اور اسرائیل کے تعاون سے نام نہاد غزہ ہیومینیٹیرین فاؤنڈیشن نے 27 مئی سے امداد کی تقسیم کا کام شروع کیا ہے، غزہ کے 995 شہری امداد حاصل کرنے کی کوششوں کے دوران اسرائیلی حملوں میں جاں بحق، 6،011 زخمی اور 45 لاپتہ ہیں۔
20 جولائی کو اقوام متحدہ کے رابطہ دفتر برائے انسانی امور نے خبردار کیا کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ پٹی کے دیر البلح علاقے میں جاری کردہ بڑے پیمانے پر انخلا کا حکم پہلے سے خطرے سے دوچار انسانی امدادی لائف لائن پر ایک اور سنگین ضرب ہے۔



