• صفحہ اول>>چین کے رنگ

    شی زانگ  , سطح مرتفع کے ماحولیاتی تحفظ میں اضافے کی راہ پر گامزن ہے

    (پیپلز ڈیلی آن لائن)2025-07-25

    25 جولائی2025 (پیپلز ڈیلی آن لائن)سان جیانگ یوان نیشنل پارک کے علاقے تھانگ بی کے ایک انٹیلی جنٹ مانیٹرنگ پلیٹ فارم کے پراجیکٹ منیجر یو وین ہاو ، کے ذہن میں آج بھی وہ تمام مشکلات تازہ ہیں جو دریائے یانگزی کے سر چشمے پر ایک مانیٹرنگ سٹیشن بنانے کے دوران سامنے آئی تھیں۔

    گزشتہ سال اکتوبر میں، یو وین ہاو اور ان کی 20 رکنی ٹیم نے 5,300 میٹر سے زائد کی بلندی پر 15 میٹر اونچا مانیٹرنگ ٹاور لگانے کے لیے چین کے خود اختیار علاقے شی زانگ کے شہر ناگچو میں واقع پہاڑ جیلا دیاندونگ کے دور افتادہ گلیشیئر ز تک کا سفر کیا ۔اس سفر کو یاد کرتے ہوئے یو وین ہاو بتاتے ہیں کہ سفر صرف تقریباً 120 کلومیٹر تھا، لیکن ان کی ٹیم کو اس مقام تک پہنچنے میں دو دن لگے۔ وہاں کوئی سڑکیں نہیں تھیں،مقامی حکام کی منظوری کے ساتھ ان کی ٹیم آگے بڑھتی گئی۔ انہوں نے منجمد کردینے والی سردی کا سامنا کیا اور تجربہ کار مقامی رہنماؤں کی رہنمائی میں سفر کرتے ہوئے پوری کوشش کی کہ سطح مرتفع کے نازک ماحولیاتی نظام کو اپنی کسی بھی سرگرمی کے اثرات سے محفوظ رکھا جائے۔

    یہ مانیٹرنگ سٹیشن سان جیانگ یوان نیشنل پارک کے وسیع علاقے تھانگ بی ، نیز جھیل سرلنگ اور چھانگ تانگ نیشنل نیچر ریزروز میں موجود 14 اسٹیشنز میں سے ایک ہے۔ سان جیانگ یوان نیشنل پارک 2021 میں قائم کیے جانے والے چین کے قومی پارکس کے پہلے بیچ کا حصہ تھا۔ 190,700 مربع کلومیٹر کا یہ نیشنل پارک ، چنگہائی- تبت پلیٹو پر تقریباً 4,700 میٹر کی اوسط بلندی پر واقع ہے۔ الپائن ماحولیاتی نظام کا نمائندہ ،سانجیانگ یوان کا علاقہ ایک الپائن بائیولوجیکل جرمپلازم بینک کے طور پر کام کرتا ہے، جو اسے چین میں ماحولیاتی تحفظ کی ایک اہم ڈھال بناتا ہے۔ تھانگ بی کا وسیع علاقہ 48,700 مربع کلومیٹر پر پھیلا ہوا ہے، جو پارک کے کل علاقے کا تقریبا 25.54 فیصد ہے۔

    ناگچو کے بیورو برائے جنگلات و چراگاہ کے پارٹی سیکریٹری وانگ منگ چنگ کے مطابق، ناگ چو 2023 سے، ایک ہائی ٹیک مانیٹرنگ پلیٹ فارم تیار کر رہا ہے جس میں سیٹلائٹ، ڈرونز اور زمینی سینسرز کو ریئل ٹائم ماحولیاتی ٹریکنگ کے لیے مربوط کیا گیا ہے۔اب تک ، 14سٹیشنز ، نے شی زانگ میں جنگلی حیات ، گلیشیئرز ، دریاؤں ، ویٹ لینڈز اور ماحولیاتی بحالی کی کوششوں کی طویل مدتی ، خودکار نگرانی کو ممکن بنایا ہے۔ان تمام سٹیشنز میں سب سے نیا سٹیشن، اکتوبر 2024 میں یو وین ہاو کی ٹیم نے قائم کیا تھا ۔یو کے مطابق ،جنگلی حیات کی درست شناخت کے عمل کو بہتر بنانے کے لیے اے آئی الگورتھم کے ساتھ پلیٹ فارم کو مسلسل اپ گریڈ کیا جا رہاہے۔

    ٹیکنالوجی سے ہٹ کر، یو نے مقامی تحفظ کے حوالے سے شعور میں اضافے پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ ان متمول نوجوان چرواہوں سے بہت متاثر ہوئے جو مشکل حالات میں تعمیراتی کام میں رضاکارانہ طور پر مدد فراہم کر رہے ہیں۔ اس سے ماحولیاتی تحفظ کے مشترکہ عزم کی عکاسی ہوتی ہے۔ آج، پارک کے 6,000 سے زائد سابقہ رہائشی ماحولیاتی رینجرز کے طور پر کام کر رہے ہیں وہ اب اس پارک کے وسائل استعمال کرنے والے نہیں بلکہ ان وسائل کے محافظ بن گئے ہیں ۔

    وانگ منگ چنگ کا کہنا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی، مقامی رہائشیوں کی شرکت اور بھرپور ملکی معاونت کی بدولت، تھانگ بی میں جنگلی حیات کی آبادی مسلسل بڑھ رہی ہے۔ ناگچو کی ٹاون شپ ماگ چو سے تعلق رکھنے والے 48سالہ چرواہے نامدرول 2016 میں دریائے یانگزی کے سرچشمے کے قریب بہتے پانیوں کےماحولیاتی تحفظ کی ٹیم میں شامل ہوئے۔ نامدرول اور ان کی ٹیم نے رضاکارانہ طور پر دریا کی صفائی کی سرگرمیاں منظم کیں، یہاں پھنسی ہوئی جنگلی حیات کو بچایا، اور ماحول کو نقصان پہنچانے والی سرگرمیوں کو روکنے کے لیے اقدامات کیے۔ وہ اور ان کی ٹیم ہر ماہ پانچ سے چھ معائنہ جاتی دورے کرتی ہے جن میں وہ ہر بار 40 کلومیٹر سے زیادہ علاقے کا احاطہ کرتے ہیں۔

    شی زانگ نے ہمیشہ چنگ ہائی-تبت سطح مرتفع کے ماحولیاتی تحفظ کو بے حد اہمیت دی ہے اور ماحولیاتی تحفظ نیز سبز ترقی کو ترجیح دیتے ہوئے ماحولیاتی انتظام و انصرام کو مسلسل بہتر بنانے اور چنگ ہائی-تبت سطح مرتفع پر حیاتیاتی تنوع کے تحفظ کے لیے کوشاں ہے۔ تبت دنیا کے صحت مند ترین ماحولیاتی نظاموں میں سے ایک کے طور پر ابھرا ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، شی زانگ میں 412,200 مربع کلومیٹر پر پھیلے ہوئے مختلف اقسام کے 47 نیچر ریزروز قائم کیے گئے ہیں۔ اس علاقے نے کسانوں اور چرواہوں کی آمدنی میں اضافہ کرنے اور ان کے تحفظ کے بارے میں آگاہی بڑھانے کے لیے ایک ماحولیاتی معاوضے کا نظام بھی متعارف کروایا ہے۔ 2016 سے 2024 تک، ماحولیاتی تحفظ کے لیے سالانہ اوسطاً 516,000 ملازمتیں پیدا کی گئیں، جس سے ہر آدمی کو 3,500 یوان سالانہ (تقریباً 489.5 امریکی ڈالر) کی آمدنی ہوئی۔

    ویڈیوز

    زبان