
مقامی وقت کے مطابق 10 نومبر کی شام بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں لال قلعہ کے قریب ایک کار میں دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں 10 سے زائد افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ایک بیان پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ دھماکے سے متعلق صورتحال کا جائزہ لیا گیااور ہلاک اور زخمی ہونے والوں کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا گیا۔ بھارتی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ بم دھماکے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور سکیورٹی ادارے بہت جلد نتیجے پر پہنچ جائیں گے۔
دہلی پولیس کے سربراہ نے 10 نومبر کی رات کو کہا کہ شام تقریباً چھ بجکر باون منٹ پر لال قلعہ میٹرو اسٹیشن کے قریب ایک سست رفتار گاڑی ریڈ لائٹس پر رکی اور گاڑی کے اندر دھماکہ ہوا، جس سے قریبی گاڑیاں بھی متاثر ہوئیں اور جانی نقصان ہوا۔ فائر ڈپارٹمنٹ نے بتایا کہ کم از کم چھ کاروں اور تین موٹر سائیکلوں پر آگ لگ گئی۔اطلاع کے مطابق واقعے کے بعد بھار ت کے بڑے ریلوے اسٹیشنز، ممبئی شہر اور اتر پردیش میں سکیورٹی کے سخت اقدامات نافذ کر دیئے گئے ہیں۔



