مقامی وقت کے مطابق، 16تاریخ کو اسرائیلی وزیر دفاع کاٹز نے سوشل میڈیا کے ذریعے ایک بیان جاری کیا، جس میں کہا گیا کہ اسرائیل کی پالیسی بہت صاف اور واضح ہے کہ فلسطینی ریاست قائم نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اسرائیل کی دفاعی افواج ہرمون کی چوٹی اور قائم کردہ سیکیورٹی زونز میں تعینات ہوں گی۔
کاٹز نے یہ بھی کہا کہ غزہ کی پٹی کو عسکریت سے پاک علاقہ بنا دیا جائے گا اور آخری سرنگ کو مکمل طور پر ختم کرنے تک اسرائیلی فوج اپنی کارروائیاں جاری رکھے گی۔ اسرائیل کی مقررہ کردہ "ییلو لائن" کی ایک طرف، اسرائیلی زیر کنٹرول علاقے میں حماس کو اسرائیلی افواج غیر مسلح کریں گی، جبکہ دوسری طرف، اسے بین الاقوامی افواج یا اسرائیل کی دفاعی افواج کے ذریعے غیر مسلح کیا جائے گا۔
عالمی برادری کا عمومی موقف یہ ہے کہ مسئلہ فلسطین کے حل کا واحد راستہ "دو ریاستی حل" کو نافذ کرنا ہے، جس میں 1967 کی سرحد کی بنیاد پر ایک آزاد فلسطینی ریاست قائم کی جائے ، جس کا دارالحکومت مشرقی یروشلم ہو۔
واضح رہے کہ 21 ستمبر کو، برطانیہ، کینیڈا، آسٹریلیا اور پرتگال نے اپنے اپنے بیانات میں فلسطین کی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان کیا تھا،اور عرب لیگ اور دیگر تنظیموں کی جانب سے اس اقدام کا خیر مقدم کیا گیا تھا۔




