24نومبر(پیپلز ڈیلی آن لائن)بیجنگ کی ڈسٹرکٹ چھاؤیانگ کے علاقے تھوانجئے حو کے عین وسط میں فرائیڈ رائس کا ایک سادہ سا سٹال شہر کی نئی پہچان بن گیا ہے۔ فرائیڈ رائس سٹال کی مقبولیت کی کہانی ایک موبائل فوڈ کارٹ سے شروع ہوئی تھی، سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد اس کی مقبولیت اتنی بڑھی کہ دیکھتے ہی دیکھتے دور دور سے لوگ یہاں آنے لگے۔
یہاں بھیڑ میں اضافہ ہوا اور لوگوں کی قطار طویل سے طویل تر ہونے لگی تو تھوانجئے ہو سب ڈسٹرکٹ آفس اور شہری انتظامیہ کی ٹیموں کی مدد سے اس موبائل فوڈ کارٹ کے مالک نے ایک مستقل دکان کھول لی، جس کے بعد اس کی پہچان محض ایک "فوڈ پوائنٹ" کی نہیں رہی بلکہ یہ بیجنگ کی نائٹ اکانومی کی علامت بن گئی۔
آج صورتِ حال یہ ہے کہ دکان کے کھلنے سے پہلے ہی لمبی قطاریں لگ جاتی ہیں۔یہاں پر لوگ صرف ایک پلیٹ فرائیڈ رائس کے لیے نہیں آتے، بلکہ روزمرہ زندگی کی سادگی اور اس گرمجوشی کو محسوس کرنے کے لیے بھی آتے ہیں جو یہاں کے ماحول میں جھلکتی ہے۔ ساتھ ہی انہیں شہری انتظامیہ کی جانب سے اس منظم نظم و نسق کی عملی جھلک بھی دیکھنے کو ملتی ہے جو بیجنگ کی راتوں کو مزید باسہولت اور دلکش بنانے میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔



