• صفحہ اول>>کاروبار

    برف جو سونا بن گئی

    (پیپلز ڈیلی آن لائن)2026-01-09

    5 جنوری 2026۔ ہاربین آئس اینڈ سنو ورلڈ میں منعقدہ آتش بازی کا منظر ۔(شنہوا/وانگ سونگ)

    5 جنوری 2026۔ ہاربین آئس اینڈ سنو ورلڈ میں منعقدہ آتش بازی کا منظر ۔(شنہوا/وانگ سونگ)

    9جنوری (پیپلز ڈیلی آن لائن) ہاربن میں منعقدہ آئس اینڈ سنو ڈویلپمنٹ فورم 2026 میں جاری کی گئی چائنا ٹورازم اکیڈمی کی رپورٹ کے مطابق ، چین کی " آئس اینڈ سنو انڈسٹری" مستحکم خوشحالی کے ایک نئے مرحلے میں داخل ہو رہی ہے۔ 2025 کے آخر تک اس شعبے سے متعلقہ کاروباروں کی تعداد 14,000 سے زیادہ تھی جو کہ سال بہ سال 11 فیصد کا اضافہ ہے۔ اعداد وشمار کے مطابق 2025 میں ملک کی آئس اینڈ سنو اکانومی کا حجم، 1 ٹریلین یوان (تقریباً 143 بلین امریکی ڈالر) سے تجاوز کر گیا۔ یہ اعداد و شمار 2015 کے 270 بلین یوان حجم کے مقابلے میں تقریباً چار گنا زیادہ ہیں۔

    چین کے شمال مشرق میں ایک عمر رسیدہ صنعتی علاقہ حیلونگ جیانگ ،اپنی اقتصادی بحالی کے لیے طویل سردیوں کے موسم کو استعمال میں لارہا ہے۔ حالیہ سالوں میں، یہاں سیاحت کی مقامی صنعت نے سیاحوں کی مہمان نوازی کے لیے متعدد اقدامات کیے جو سوشل میڈیا پر بہت مقبول ہوئے اور اس کے نتیجے میں سیاحوں کی تعداداور سیاحتی آمدن دونوں میں اضافہ ہوا ہے۔ حیلونگ جیانگ نے چین کا پہلا مانیٹرنگ سسٹم شروع کیا ہے جو آئس اینڈ سنو سے متعلقہ سیاحت، کھیل، ثقافت اور ساز و سامان کی تیاری کے چار اہم شعبوں کی نگرانی کرتا ہے تاکہ کاروباری پالیسیز کی رہنمائی کے لیے ڈیٹا فراہم کیا جا سکے۔

    گزشتہ سال، ایشین ونٹر گیمز نے ہاربن میں طویل مدتی بنیادی ڈھانچے کی سرمایہ کاری کے لیے ایک اور موزوں پلیٹ فارم فراہم کیا۔ شہر نے کھیلوں کے مقامات کو ڈیجیٹل نظاموں کے ساتھ اپ گریڈ کیا، اپنے ہوائی اڈے اور سڑکوں کے نیٹ ورکس کو وسعت دی اور سردیوں کے بڑے ریزورٹس میں برف بنانے کی خودکار ٹیکنالوجی نصب کی۔بین الاقوامی سیاحوں کو متوجہ کرنے کے لیے، شہر نے براہ راست پروازیں، ویزا سروسز اور غیر ملکی بینک کارڈز کے لیے ادائیگی کی سروسز کو بہتر بنایا، جس کی وجہ سے ہاربن کے لیے بکنگ میں 157 فیصد اضافہ ہوا۔2024-2025 کے سردیوں کے موسم میں حیلو نگ جیانگ میں 135 ملین ٹرپس ہوئے اور 211.7 بلین یوان کی سیاحتی آمدن ہوئی، جو کہ سال بہ سال 18.5 فیصد اور 30.7 فیصد کا اضافہ ہے۔

    رواں سال 6 جنوری کو ہاربن میں ورلڈ میئرز ڈائیلاگ کا انعقاد ہوا ۔غیر ملکی مہمان آئس اینڈ سنو اکانومی کی ترقی کے حوالے سے اپنائے گئے جدید طریقوں سے بے حد متاثر ہوئے ، ان کا کہنا تھا کہ ان اقدامات نے سردی کے موسم کی اس برف کو سونے میں تبدیل کر دیا ہے اور ہاربن نے جس کامیابی کے ساتھ اس صنعت کو ایک پائیدار اقتصادی شعبے میں ترقی دی ہے اس کا یہ ترقیاتی تجربہ سیکھنے کے قابل ہے۔

    2022 کے بیجنگ ونٹر اولمپکس چین کی ونٹر اکانومی کے عروج کے لیے ایک اہم محرک ثابت ہوئے اور اس ایونٹ نے عوام میں ونٹر گیمز اور متعلقہ خریداری کے لیے جوش و خروش میں اضافہ کیا۔

    آئس اینڈ سنو ٹورازم ، جو پہلے صرف ملک کے شمالی علاقوں تک ہی محدود تھا، اب ملک بھر میں پھیل چکا ہے۔ دوردراز کے شمال مشرقی علاقوں کے بعد اب ،شمالی چین کے بیجنگ-تھیانجن -حہ بے اور مغرب میں سنکیانگ اور چنگ ہائی -تبت سطحِ مرتفع بھی موسم سرما کے مقبول سیاحتی مقامات بن چکے ہیں۔ 2025 میں شمال کے مقابلے میں نسبتاً زیادہ گرم وسطی اور جنوبی علاقوں نے آئس اینڈ سنو ٹور ازم میں تقریباً 54 ارب یوان کی بڑی سرمایہ کاری کی۔چائنا ٹورازم اکیڈمی کی نائب صدر تھانگ شیاویون کا کہنا ہے کہ آئس اینڈ سنو ٹورازم کے تحت ، چین نے ثقافت، کھیل اور سازوسامان کا ایک مکمل صنعتی سلسلہ تشکیل دیا ہے ۔سازوسامان کی بڑھتی ہوئی طلب نے چین کے جنوب میں صنعتی بنیاد کو بھی متحرک کیا ہے۔

    ویڈیوز

    زبان