10 اگست کو کولمبیا میں آنے والے 7.5 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 132 ہو گئی ہے جبکہ 570 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ زلزلے سے ملک بھر کے 32 شہر شدید متاثر ہوئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق کولمبیا کے پانچ صوبائی دارالحکومتوں، پریرا، کیلی، کوئبڈو، مانیزالیس اور آرمینیا میں ریڈ الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ ابتدائی اعداد و شمار کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں 86 عمارتیں تباہ ہو گئی ہیں، جبکہ سات ہوائی اڈوں پر فضائی آپریشنز معطل کر دیے گئے ہیں۔ متعلقہ ادارے متاثرہ علاقوں میں نقصانات کا جائزہ لینے اور ہنگامی امدادی کارروائیاں انجام دینے میں مصروف ہیں۔چائنا ارتھ کوئیک نیٹ ورکس سینٹر کے مطابق، مقامی وقت کے مطابق 10 اگست کی صبح 7 بج کر 34 منٹ پر کولمبیا میں 7.5 شدت کا زلزلہ آیا، جس کی گہرائی 80 کلومیٹر تھی۔ کولمبیا کی حکومت نے آفت سے نمٹنے کے لیے اسی روز ملک بھر میں "قومی ہنگامی صورتحال" کا اعلان کر دیا ہے۔



