• صفحہ اول>>چینی معاشرت

    چین کا چار صوبوں میں سیلاب کا ہنگامی ردِ عمل فعال

    (پیپلز ڈیلی آن لائن)2026-08-12

    12اگست 2026 (پیپلز ڈیلی آن لائن) 10اگست کو، چین کی وزارت آبی وسائل نے بتایا کہ چونکہ سمندری طوفان ڈولفن کے پھیلاو کے سبب ملک کے وسطی اور شمالی حصوں میں شدید بارشیں متوقع ہیں، خاص طور پر چار صوبوں؛ حوبے، حہ نان، شان دونگ اور حہ بے میں 10 سے 16 اگست تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا اور کچھ علاقوں میں شدید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے، لہذا ان علاقوں میں سیلاب کے خطرے کے سبب، چوتھے درجے کے ہنگامی ردِ عمل کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

    صورت حال سے نمٹنے کے لیے، وزارت نے مقامی حکام کو نگرانی کے اقدامات کو مضبوط بنانے، خطرات کی بروقت نشاندہی کرنے اور ان کے حل کے لیے گشت بڑھانے کی ہدایت کی ہے۔ چھوٹے اور اوسط درجے کے دریاوں کے کناروں پر، پہاڑوں سے آنے والے سیلاب کی روک تھام کو ترجیح دی جائے گی۔ وزارت نے خطرناک علاقوں کے رہائشیوں کے بروقت انخلا کو یقینی بنانے کی تاکید کی ہے تاکہ لوگوں کے جان و مال کا تحفظ کیا جا سکے۔

    دوسری جانب، وزارت نے مشرقی چین کے صوبے جہ جیانگ میں تیسری سطح کی ہنگامی کارروائیاں جاری رکھی ہوئی ہیں اور مشرقی، وسطی اور شمال مشرقی چین میں صوبائی سطح کے دیگر چھ علاقوں کے لیے چوتھے درجے کی ہنگامی کارروائیاں بھی جاری ہیں۔ وزارت کے مرکزِ معلومات نے پیر کو سیلاب کے حوالے سے "بلیو الرٹ" جاری کیا تھا اور متاثرہ علاقوں میں عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا کہا تھا۔

    چین کے ہنگامی ردِعمل کے نظام کے چار درجے ہیں، جس میں پہلی سطح انتہائی خطرناک ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ، موسم کی پیش گوئی کے لیے رنگوں سے منسلک ایک چار درجوں پر مشتمل نظام بھی ہے، جس میں سرخ رنگ سب سے زیادہ خطرناک انتباہ کی نمائندگی کرتا ہے، جس کے بعد نارنجی پھر پیلا اور پھر نیلا انتباہ آتا ہے۔

    ویڈیوز

    زبان