(تصویر ، بشکریہ اے پی پی)
5 اگست 2025 (پیپلز ڈیلی آن لائن)4 اگست کو بیجنگ میں ،پاکستان کے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ، اصلاحات و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے میڈیا نمائندگان کے ساتھ ملاقات کی ۔وفاقی وزیر نے اس ماہ کے آخر میں شروع ہونے والی ایس سی او سمٹ ، مستقبل قریب میں پاکستانی وزیر اعظم کے دورہِ چین ، چین کے تعاون سے پاکستانی سیٹلائیٹ کی کامیاب لانچنگ اور خلائی تسخیر کے شعبے میں دونوں ممالک کے درمیان تحقیق و تعاون میں ہونے والی پیش رفت کے ساتھ ساتھ ،سی پیک کے نئے مرحلے کے آغاز ، اس کی سمت نیز کاروباری سرگرمیوں کے حوالے سے بات چیت کی اور صحافیوں کے سوالات کے جوابات دیئے ۔ وفاقی وزیر سے چین پاکستان تعلقات کے بارے میں کیے جانے والے سوال پر انہوں نے کہا کہ اس دوستی نے کبھی خزاں کا موسم نہیں دیکھا، اور جس طرح دیوار چین زمین سے باہر مدار سے بھی نظر آتی ہے اسی طرح دیوارِ چین جیسی یہ مضبوط دوستی دنیا میں ہر ایک کو نظر آرہی ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ ہماری دوستی اب ہمالیہ کی بلندی اور دریاوں کی گہرائی سے آگے آسمان کی وسعتوں میں بھی نئی کہانی رقم کر رہی ہے۔
(شوجنگ ون/ پیپلز ڈیلی آن لائن)