8 اگست 2025 (پیپلز ڈیلی آن لائن)چھنگ دو ، ورلڈ گیمز 2025 کا میزبان شہر ہے۔ اس وقت شہر میں غیر ملکی سیاحوں کی ایک بڑی تعداد موجود ہے اور انہیں شہر میں ٹرانزٹ ادائیگی کے لیے متعارف کروائی گئی نئی سہولیات کے ساتھ آمدو رفت بہت آسان محسوس ہو رہی ہے۔ ان سہولیات میں ادائیگی کے لیے غیر ملکی بینک کارڈز کا استعمال بھی شامل ہے۔
سیچوان یونیورسٹی میں زیرِ تعلیم جوشوا، حال ہی میں چھنگ دو آئے اور میٹرو میں سفر کرنے کے لیے ویزا کارڈ کے استعمال کے آپشن سے انہیں ایک خوشگوار حیرت ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کوئی ایپس نہیں ، کوئی نقد رقم نہیں ، یہ ان لوگوں کے لیے تو بہت ہی عمدہ سہولت ہے جو پہلی مرتبہ چین آتے ہیں اور ان کے پاس یہاں استعمال ہونے والی ایپس مثلاً آلی پے یا وی چیٹ نہیں ہوتیں۔ ہنگری کے ایک سیاح آنتال کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنا اوورسیز بینک کارڈ استعمال کرتے ہوئے چھنگ دو شہر سے پانڈا ریسرچ بیس تک کے لیے بس میں سفر کیا اور اس سہولت سے ان کے لیے اس شہر کی سیر کرنا بہت آسان ہوگیا ہے۔
چھنگ دو میٹرو ٹکٹس ڈیٹا سینٹر کے ڈپٹی ڈائریکٹر ، شو جنگ کے مطابق ، کرائے کی 'کانٹیکٹ لیس" ادائیگی کے لیے پورے میٹرو نیٹ ورک کی 10 ہزار ڈیوائسز اور 30 سسٹمز کو اپ گریڈ کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چائنیز مین لینڈ میں ،شنگھائی اور بیجنگ کے بعد چھنگ دو ،چین کا تیسرا شہر ہے جہاں "ٹیپ اینڈ رائیڈ" کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔اس حوالے سے مسافروں کو اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ ان کے بینک کارڈز میں بنا پاس ورڈ کے کم پیسوں کی ادائیگی کی سہولت پہلے سے فعال ہو۔
چھنگ دو میٹرو نے غیر ملکی افراد کی سہولت کے لیے تمام ٹرینز اور میٹرو سٹیشنز میں چینی اور انگریزی دونوں زبانوں میں ہدایات اور اعلانات بھی شروع کر دیئے ہیں۔چھنگ دو میٹرو کے عملے کے ایک رکن دونگ پان کا کہنا ہے کہ تمام 423 میٹرو سٹیشنز پر اب رئیل ٹائم ترجمے کی ڈیوائسز بھی فعال ہیں اور ان پر 10 زبانوں میں تراجم کی سہولت موجود ہے۔ چھنگ دو میٹرو کے علاوہ چھنگ دو پبلک ٹرانسپورٹ گروپ کارپوریشن نے بھی تمام غیر ملکی کارڈز پر "ٹیپ اینڈ رائیڈ" کی سہولت فراہم کر دی ہے۔ یہ تمام تر اقدامات 7 اگست سے شروع ہونے والے ورلڈ گیمز کے آغاز سے پہلے ہی چھنگ دو کو "گلوبل ٹورسٹ ڈیسٹینیشن " کے طور پر اپ گریڈ کرنے کے لیے اختیار کیے گئے ہیں۔
اولمپک گیمز کے بعد، ورلڈ گیمز سب سےاعلی سطح کا بین الاقوامی ملٹی اسپورٹ ایونٹ ہے جو کہ پہلی بار چینی سرزمین پر منعقد ہو رہا ہے۔اس ایونٹ کے منتظمین کا کہنا ہے کہ سیاحتی اقدامات میں ٹیکس ریفنڈ اسٹورز کی توسیع اور ڈیوٹی فری شاپنگ سینٹرز کا قیام بھی شامل ہے۔اس کے علاوہ جون کے مہینے سے ہی شہر کے بیورو برائے ریڈیو، ٹیلی ویژن ، ثقافت و سیاحت نے غیر ملکی سیاحوں کے لیے مختلف تھیمز پر مشتمل سرگرمیاں، سیاحتی روٹس اور یادگارسفر ی تجربات کے لیے خصوصی اہتمام کیے ہیں۔ بیورو کے ڈائریکٹر چیو وئی کا کہنا ہے کہ چھنگ دو کے میوزیم، قدرتی مناظر سے بھرپور علاقے اور ہوٹلز بھی ورلڈ گیمز کے ناظرین کو اضافی سہولیات اور رعایتیں فراہم کریں گے۔مثلاً سیاح بڑے کھیلوں کے ایونٹ ٹکٹ کے ساتھ کچھ میوزیمز کو مفت میں دیکھ سکتے ہیں اور ہوٹل میں چیک ان کے وقت اضافی رعایت حاصل کر سکتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہم ورلڈ گیمز کو ایک بہترین موقعے کے طور پر استعمال کریں گے تاکہ سیاحوں کی آمد کو ثقافتی اور سیاحتی شعبے کے لیے نئے ترقیاتی مواقع میں تبدیل کیا جا سکے۔
اس سال کی پہلی ششماہی میں چھنگ دو میں 984,000 ان باونڈ وزٹس ریکارڈ کیے گئے ، جو پچھلے سال کے مقابلے میں 51.5 فیصد کا اضافہ ہے۔