20 ستمبر کو چین کی وزارت تجارت کے ترجمان نے ٹک ٹاک معاملے کی پیش رفت کے حوالے سے بتایا کہ 19 ستمبر کی رات کو چین اور امریکا کے سربراہان مملکت کے درمیان ٹیلی فون پر بات چیت ہوئی۔ ٹک ٹاک کے معاملے پر چین کا موقف واضح ہے۔ چینی حکومت کمپنیوں کی خواہشات کا احترام کرتی ہے اور اس بات کو سراہتی ہے کہ کمپنیاں مارکیٹ کے اصولوں کی بنیاد پر تجارتی مذاکرات کرکے ایسے حل تک پہنچیں، جو چینی قوانین اور ضوابط کے مطابق مفادات میں توازن کا حامل ہو۔ امید کی جاتی ہے کہ امریکہ اپنے کئے گئے وعدوں کو سنجیدگی کے ساتھ پورا کرتے ہوئے ٹک ٹاک سمیت چینی کمپنیوں کے امریکہ میں آپریشنز کے لیے کھلا، منصفانہ اور غیر امتیازی کاروباری ماحول فراہم کرے گا اور چین امریکہ اقتصادی و تجارتی تعلقات کی مستحکم ، صحت مندانہ اور پائیدار ترقی کو فروغ دینے کے لئے کوشش کرےگا۔