• صفحہ اول>>چین کے رنگ

    چینی کاؤنٹی ، جو ہیروں  کی چمک دمک سے جگمگا اٹھی

    (پیپلز ڈیلی آن لائن)2025-11-14
    چینی کاؤنٹی ، جو ہیروں  کی چمک دمک سے جگمگا اٹھی

    14نومبر(پیپلز ڈیلی آن لائن)وسطی چین کے صوبے حہ نان کی ایک پرسکون کاؤنٹی جہ چھنگ، ماضی میں ریاستی سطح کا ایک غربت زدہ علاقہ تھی جہاں کے زیادہ تر لوگ کاشتکاری پر انحصار کرتے تھے لیکن آج یہاں کے کسان زمین نہیں جوتتے؛ وہ اب ہیرے تیار کرتے ہیں۔

    جی ہاں آج جہ چھنگ کاونٹی ، چین کا "ڈائمنڈ کیپٹل " کہلاتی ہے،یہاں لیب میں قیمتی جواہرات تیار کیے جاتے ہیں جو مجموعی قومی کل کا تقریباً نصف حصہ بنتے ہیں۔مقامی برینڈ ،ہولڈ ڈائمنڈ کی جنرل مینجر پھانگ آئے ہونگ کے مطابق ، پہلے تو ہیرے کا مالک ہونے کے بارے میں سوچا بھی نہیں جا سکتا تھا لیکن اب یہ متوسط گھروں میں بھی موجود ہے۔

    اس تبدیلی کی بنیاد کان کنی میں نہیں بلکہ پیداوار میں ہے۔حہ نان لی لیانگ ڈائمنڈ کمپنی جیسی کمپنیز کے پروڈکشن ہالز میں، گریفائٹ بلاکس کو سات سے پندرہ دن تک مخصوص مشینز میں زبردست حرارت اور غیر معمولی دباو میں رکھا جاتا ہے اور اربوں سالوں کے قدرتی عمل سے سیکھتے ہوئے اپنائے گئے اس طریقے سے محض چند دن میں خوبصورت چمکدار ہیرے تیار ہو جاتے ہیں ۔صارفین کاکہنا ہے کہ جہ چھنگ ڈائمنڈز ،معیار کے اعتبار سے قدرتی ہیروں کے برابر ہیں اوران کی قیمت بھی بہت موزوں ہے۔ اتنی موزوں قیمت کہ جو کبھی کبھی تو کان سے نکالے گئے ہیروں کے صرف پانچویں یا دسویں حصے کے برابر ہوتی ہے۔

    جہ چھنگ کاؤنٹی میں اب ہیرے کی 65ریٹیل شاپس ہیں اور اس سال یہاں ہیروں کی خریداری کے لیے 600,000 سے زیادہ سیاح آئے ہیں۔لیکن یہ چمک صرف زیورات تک محدود نہیں ہے۔ "انڈسٹریل ٹیتھ " کے نام سے مشہور، ہیرے اور دیگر سخت ترین مواد، تیل کی ڈرلنگ اور گاڑیوں کی صنعت سے لے کر خلائی صنعت اور سیمی کنڈکٹرز تک مختلف شعبوں میں اہم ہیں۔ تاہم، جہ چھنگ کی جدت اس صنعتی طاقت کو صارفین کے لیےتخلیقی مصنوعات میں تبدیل کرنے میں ہے۔مثال کے طور پر، لِی لیانگ ڈائمنڈ نے چین کے روایتی نمونے جیسے جیڈ ڈریگن، چینی قمری کیلنڈر سے منسوب جانور، اور شانگ شاہی دور (1600 قبل مسیح-1046 قبل مسیح) کے ثقافتی مجموعے متعارف کروائے ہیں اور انہیں صارفین کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملی ہے۔

    چین کی جواہرات اور زیورات کی تجارتی ایسوسی ایشن کے سربراہ یی جہ بِن کہتے ہیں کہ لیب میں تیار کیے گئے ہیروں کی تیاری کے اس سکیل تک پہنچ کر چین نے دنیا میں اپنی حیثیت کو "ورلڈ فیکٹری" کے طور پر مستحکم کر لیا ہے، ایک ایسی فیکٹری جو تحقیق اور ترقی سے لے کر ریٹیل تک ایک مکمل نظام کی حامل ہے۔

    لی لیانگ ڈائمنڈ پراجیکٹ ڈیپارٹمنٹ کے چھن یانان کے مطابق ، مستقبل کے حوالے سے کاونٹی نے بلند اہداف نظر میں رکھے ہوئے ہیں ، جدید مینوفیکچرنگ اور مستقبل کی صنعتی ضروریات کو پورا کرنے کے لیےتحقیق و ترقی کے لیے کی جانے والی کوششوں میں اضافہ کیا جائے گا۔

    جہ چھنگ کی ہائی ٹیک صنعتی ترقیاتی زون کے بیورو برائے انتظامی جانچ و منظوری کے ڈائریکٹر مینگ شیانگ چھین کا کہنا ہے کہ یہ کامیابی ایک مضبوط صنعتی نظام پر قائم ہے۔ اس کاونٹی نے " سپر ہارڈ مٹیریل" کے شعبے میں 200 سے زائد کمپنیز کو تیار کیا ہے، جس سے ایک مکمل صنعتی چین بنی ہے۔اس میں قومی سطح کی دو "لٹل جائنٹ" کمپنیز اور صوبائی سطح کی 15 خصوصی فرمز شامل ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ مقامی حکومت کی جانب سے ٹیکنالوجی کی اپ گریڈنگ اور ڈاون سٹریم کی جانب توسیع کی حوصلہ افزائی کے اقدامات سے، جہ چھنگ کے ہیرے روایتی صنعتی استعمال سے لے کر ہیلتھ کیئر، سیمی کنڈکٹرز اور مزید شعبوں میں عملی ایپلی کیشنز تک نئے میدانوں میں چمکنے کے لیے تیار ہیں۔

    ویڈیوز

    زبان