13 فروری (پیپلز ڈیلی آن لائن) دانگ شان میں، شیر کے سر والے جوتے اور ٹوپیاں چینی سال نو کی قدیم روایات میں شامل ہیں، جو خاندان کے بزرگ افراد کی جانب سے نوجوان نسل کے لیے پر خلوص دعاوں کے تحفے کی علامت ہیں۔ شیر کے سر والی روایتی ٹوپی اور جوتے بنانے کے فن کی میونسپل سطح کی وارث فان من کی عمر 70 سال ہے۔ وہ مشرقی چین کے صوبے آنہوئی کی دانگ شان کاؤنٹی کے گاوں شیاو حوالو میں گاوں کی دیگر خواتین کے ساتھ ، شیر کے سر والی ٹوپیاں بناتی ہیں۔ اس فن کے ساتھ پچھلے 50 سال سے منسلک فان من نے یہ مہارت کم عمری ہی میں اپنی ماں سے سیکھی اور اپنی زندگی اسے نکھارنے اور محفوظ رکھنے میں گزاری۔
شیر کے سر والے جوتے اور ٹوپیاں سائز میں چھوٹے ہوتے ہیں لیکن ان کو بنانے کا عمل بے حد نفیس کاریگری کا متقاضی ہے، ہر ٹکڑا کئی محتاط مراحل سے گزرتا ہے۔ فان من بتاتی ہیں کہ اس ٹوپی میں شیر کے ایک سر کی کڑھائی کرنے میں پورا ایک دن لگتا ہے اور ایک آئٹم کو مکمل کرنے میں عام طور پر ایک سے دو دن لگتے ہیں۔
فان اور دیگر لوگوں کی محنت اور اس فن میں جدت کے امتزاج کی بدولت، روایتی ہنر کو نئی زندگی ملی ہے۔ گاؤں سے باہر سے آنے والے نوجوان سیاح اکثر فان کے گھر کے چھوٹے سےصحن میں آکر ان کی بنائی گئی شیر کے سر والی نفیس ٹوپیاں پہن کر تصاویر لیتے ہیں۔آج، فان من گاوں کے لوگوں کے ساتھ مل کر یہ اشیا تیار کرتی ہیں اور اس ہنر کو آمدنی کے نئے ذرائع میں تبدیل کررہی ہیں۔







