27 مئی 2026(پیپلز ڈیلی آن لائن) پچیس مئی کو ، نیشنل کونسل آف آرٹس اسلام آباد میں چینی ثقافتی مرکز کے زیر اہتمام, چین -پاکستان سفارتی تعلقات کے قیام کی پچھترویں سالگرہ کی مناسبت سے, چین۔پاکستان آرٹ فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا۔ دونوں ممالک کے فنکاروں کی جانب سے موسیقی، رقص اور روایتی سازوں کے ذریعے پاک۔چین دوستی کے لازوال رشتے کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
آرٹ فیسٹیول کی مہمانِ خصوصی پارلیمانی سیکرٹری برائے قومی ورثہ و ثقافت فرح ناز اکبر تھیں، جب کہ پاکستان میں چینی سفارت خانے کے ثقافتی قونصلر ،چھین پھنگ نے بطور اعزازی مہمانِ شرکت کی۔ اس شاندار تقریب میں سکالرز، فنکاروں سفارت کاروں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے افراد کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔

مہمانِ خصوصی فرح ناز اکبر تقریب سے خطاب کر رہی ہیں (پیپلز ڈیلی آن لائن ۔ جاو یی پھو)
فیسٹیول میں دونوں ممالک کے فنکاروں نے اپنی پرفارمنسز کے ذریعے محبت، اعتماد، ثقافتی ہم آہنگی اور عوامی قربت کے جذبات کو نمایاں کیا، جبکہ چینی اور پاکستانی موسیقی، روایتی رقص اور سازوں کے حسین امتزاج نے شاہراہِ ریشم کی تہذیبی اساس کو اجاگر کرتے ہوئے ، امن، دوستی اور عالمی ہم آہنگی کا پیغام پیش کیا۔
آرٹ فیسٹیول سے خطاب کرتے ہوئے فرح ناز اکبر نے کہا کہ چین۔پاکستان آرٹ فیسٹیول، محض ایک ثقافتی تقریب نہیں بلکہ پاکستان اور چین کی پچھتر برسوں پر محیط لازوال دوستی، باہمی اعتماد اور احترام کا جشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات صرف سفارتی یا حکومتی سطح تک محدود نہیں بلکہ یہ عوامی روابط، ثقافتی ہم آہنگی اور مشترکہ ترقی کے تصور پر استوار ہیں۔
چینی سفارتخانے کے ثقافتی قونصلر چھین پھنگ نے تقریب سے خطاب کرتی ہوئے کہا کہ یہ سال ، چین - پاکستان سفارتی تعلقات کی پچھترویں سالگرہ کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کی سٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کا سال بھی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ثقافتی روابط اور فنونِ لطیفہ دونوں ممالک کے عوام کو مزید قریب لانے اور باہمی اعتماد کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

نیشنل کونسل آف آرٹس اسلام آباد میں منعقدہ چین۔پاکستان آرٹ فیسٹیول میں چینی فنکار روایتی چینی آرٹ پیش کر رہے ہیں۔ (پیپلز ڈیلی آن لائن ۔ جاو یی پھو)
آرٹ فیسٹیول کے اختتام پر مقررین اور شرکا نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ چین اور پاکستان کی دوستی جو ہر آزمائش میں پہلے سے زیادہ مضبوط ہو کر ابھری ہے وہ مستقبل میں بھی محبت، اعتماد، تعاون اور مشترکہ ترقی کی نئی منازل طے کرتی رہے گی۔




