مقامی وقت کے مطابق یکم جون کی سہ پہر، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے لبنان اور اسرائیل کی صورتحال پر ہنگامی اجلاس منعقد کیا۔ اقوام متحدہ میں چین کے مستقل مندوب فو چھونگ نے اجلاس میں اپنے خطاب میں کہا کہ لبنان اور اسرائیل کی صورتحال تیزی سے بگڑ رہی ہے، اسرائیل نے لبنان پر فوجی کارروائیوں کو بڑھا دیا ہے اور نام نہاد "سیکیورٹی زون" کو مسلسل وسعت دے رہا ہے۔ یہ اسرائیلی فوج کی لبنان میں پچھلے 20 سالوں میں ہونے والی سب سے بڑی فوجی کارروائی ہے۔ چینی مندوب نے کہا کہ اسرائیلی حکام نے زمینی کارروائی کو مزید بڑھانے کا بھی اعلان کیا ہے، جس کے پس پردہ مقاصد اور اس سے پیدا ہونے والے سنگین نتائج بین الاقوامی برادری کے لیے شدید تشویش کا باعث ہیں ۔ فو چھونگ کا کہنا تھا کہ لبنان اور اسرائیل کے درمیان عارضی جنگ بندی ختم ہو چکی ہے اور بین الاقوامی برادری کو صورتحال مزید خطرناک ہونے سے پہلے فوری اقدامات کرنے چاہئیں۔
اقوام متحدہ میں چین کے مستقل مندوب نے اپیل کی کہ فوری طور پر جنگ بندی اور تشدد روک کر ، کشیدگی کم کی جائے، لبنان کی مدد بڑھائی جائے اور ملکی صورتحال مستحکم کی جائے۔ ساتھ ہی لبنان میں تعینات اقوام متحدہ کی عارضِی افواج کے فرائض کو یقینی بنایا جائے تاکہ علاقائی استحکام قائم رکھا جا سکے ۔



