• صفحہ اول>>دنیا

    غیر ملکی فوج کی تعیناتی روس کے لیے ناقابلِ قبول ہے ،روسی صدرپوٹن

    (CRI)2026-11-13

    مقامی وقت کے مطابق 12 نومبر کو روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے ماسکو میں امریکی صدر کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر سے ملاقات کی۔ اس موقع پر پوٹن نے واضح کیا کہ یوکرین میں کسی بھی غیر ملکی فوج کی تعیناتی روس کے لیے ناقابلِ قبول ہے۔ ان کے مطابق ایسا اقدام روس کی سلامتی کے لیے خطرہ ہوگا اور یوکرین کی سرزمین پر موجود غیر ملکی فوج روس کے لیے جائز فوجی ہدف تصور کی جائے گی۔ پوٹن نے کہا کہ یوکرین کی جانب سے نام نہاد "گرے زون" کا معاملہ تنازعات کی بنیادی وجہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ روس اور یوکرین کے درمیان صرف ایک ہی سرحدی لائین ہونی چاہیے اور وہ دونوں ممالک کی بین الاقوامی سرحد ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ اگر "گرے زون" پر بحث شروع ہوئی تو اس سے مختلف تشریحات، اختلافات اور تنازعات جنم لیں گے، جس کے نتیجے میں کسی بھی معاہدے کی بنیاد کمزور ہو سکتی ہے۔ دوسری جانب امریکی خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف نے امید ظاہر کی کہ پوٹن سے ہونے والی یہ ملاقات یورپی نمائندوں کی شرکت کے ساتھ مذاکرات کے ایک نئے کثیر فریقی دور کی راہ ہموار کرے گی۔

    ادھر یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے 12 نومبر کو آئرلینڈ کے دارالحکومت ڈبلن میں یورپی سیاسی کمیونٹی کے سربراہان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب امریکہ اور روس کے درمیان سکیورٹی ضمانتوں پر بات چیت ہوتی ہے تو اس کا تعلق صرف یوکرین کی سلامتی سے نہیں ہوتا بلکہ درحقیقت اس میں یورپ اور روس کے درمیان ایک نئے سکیورٹی فریم ورک کا معاملہ بھی شامل ہے۔ اسی روز یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا اور یورپی کمیشن کی صدر ارسلا فان ڈیرلئین نے ڈبلن میں یوکرین کے صدر زیلنسکی سے ملاقات کے بعد ایک مشترکہ بیان جاری کیا۔ بیان میں کہا گیا کہ یورپی یونین رواں ہفتے متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں ہونے والے امن مذاکرات میں شریک رہی ہے اور آئندہ بھی مذاکراتی عمل اور اس میں ہونے والی پیش رفت کی نگرانی جاری رکھے گی۔

    ویڈیوز

    زبان