رواں سال چینی سالِ نو یا جشنِ بہار 17 فروری کو ہے اور 15 فروری سے 23 فروری تک 9 دن کی تعطیلات ہیں۔ اس وقت ملک جذبات و احساسات سےبھرپور اپنے سب سے شاندار تہوار کے رنگوں میں رنگا ہوا ہے ۔ 9 دن کی یہ تعطیلات ، سفر کرنے والوں کے لیے تفریح کا ایک نایاب دور ہیں ۔ یہ سال کا وہ وقت ہے کہ جب پورا چین، جشن کے رنگوں سے رنگا ہوتا ہے ، سڑکیں اور تفریحی مقامات روایتی لالٹینوں سے روشن ہوتے ہیں ، ریستوران خوش باش خاندانوں سے بھرے ہوتے ہیں اور ہر گلی کوچہ محبت اور زندگی کے احساس سے جگمگا رہا ہوتا ہے۔
پیپلز ڈیلی آن لائن نے اس جشن کے دوران ان چھ شہروں کا انتخاب کیا ہے جہاں آپ چینی نئے سال کا سب سے متحرک ، پرجوش اور حقیقی تجربہ کر سکتے ہیں۔
چین کا دارالحکومت ، بیجنگ
پہلی مرتبہ چین آنے والے سیاح ، بیجنگ میں چینی سالِ نو کو زندگی سے بھرپور پائیں گے ، جہاں سرخ لالٹینوں سے سجے ہوتونگ ایک طلسماتی منظر تخلیق کرتے ہیں ، سٹریٹ فوڈ کی مہک فضا میں بکھری ہوتی ہے، اور تاریخی عمارتیں جشن کی روشنیوں سے جگمگاتی ہیں۔
بیجنگ میں "ٹیمپل فیسٹیولز" جشنِ بہار کا خاصا ہیں ، جو جشن بہار منانے کے لیے اکٹھے ہونے والے خاندانوں کے لیے روایتی کھانے، مقامی دستکاری، موسمی رسومات اور لوک پرفارمنسز کا ایک بھرپور امتزاج پیش کرتے ہیں۔
اس سال، بیجنگ میں 30 سے زائد ٹیمپل اور لینٹرن فیسٹیولز منعقد کیے جائیں گے ، جو تعداد اور پیمانے کے اعتبار سے پچھلے سالوں سے زیادہ ہیں۔ لو نگ تھان، دی تھان ، اور چھنگ دیان فیسٹیولز اہم تقریبات میں شامل ہیں، جن میں بیجنگ-تھیان جن-حہ بے کی کلاسک لوک فنون، سرکس، اوپیرا اور مارشل آرٹس پیش کیے جاتے ہیں۔
29 جنوری 2025 ۔ دی تھان ٹیمپل میں جشن بہار کے دوران سیاحوں کی ایک بڑی تعداد دیکھی جاتی ہے۔ ( شنہوا۔ جو حوان زونگ)





